ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے حاصل کیا اعتماد کا ووٹ

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے حاصل کیا اعتماد کا ووٹ

Mon, 05 Sep 2022 19:45:37    S.O. News Service

رانچی، 5؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے  پیر کو اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے، اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ ہیمنت سورین  کا سیاسی قد بڑھ گیا ہے۔

بتایا گیا ہے  کہ سورین  نے اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں اعتماد کا ووٹ پیش کیا تھا۔ یہ خصوصی اجلاس کانکنی کی لیز کے معاملے میں الیکشن کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں بلایا گیا تھا، کیونکہ کہا یہ جا رہا ہے کہ کمیشن نے سورین کے خلاف سفارش کی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنی سفارش کا خط جھارکنڈ کے گورنر کو بھیجا ہے جو ابھی کھولا نہیں گیا ہے۔ اس خط میں کس بات کی سفارش کی گئی ہے اس کا پتہ اس لفافے کے کھولے جانے کے بعد ہی  لگے گا۔

الیکشن کمیشن نے جب سے اپنی سفارش کا لفافہ گورنر کو بھیجا ہے  اُس وقت  سے جھارکنڈ میں سیاسی بے چینی بڑھ گئی ہے۔ ادھر وزیر اعلی ہمینت سورین کا الزام ہے کہ بی جے پی ان کے ارکان اسمبلی کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی کی اس کوشش کی وجہ سے ہی وزیر اعلی ہیمنت سورین نے اسمبلی میں اعتماد کی تحریک پیش کی تھی اور انہوں نے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ جھارکنڈ میں سیاسی اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے اور اس بند لفافے میں سے کیا نکلتا ہے، لیکن آج اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیر اعلی ہیمنت سورین کا ہاتھ سیاسی طور پر اوپر ہو گیا ہے۔


Share: